
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں پانچ مقامات پر کھیلا جائے گا،50 اوورز پر مشتمل خواتین کے 13ویں ورلڈ کپ میں آٹھ ٹیموں کے درمیان میچز کھیلے جائیں گے۔
ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں شامل ہیں۔
آئی سی سی کے مطابق ویمنز ورلڈ کپ کے لیے بھارت کے شہر بنگلورو کا ایم چناسوامی سٹیڈیم، گوہاٹی کا اے سی اے سٹیڈیم، اندور کا ہولکر سٹیڈیم، وشاکھاپٹنم کا اے سی اے-وی ڈی سی اے سٹیڈیم اور سری لنکا کے شہر کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم کا انتخاب کیا گیا ہے۔
شیڈول کے تحت ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 30 ستمبر کو بنگلور میں ہوگا جس میں ایک ٹیم بھارت ہوگی جبکہ مدمقابل ٹیم کا اعلان فی الحال نہیں کیا گیا۔
آئی سی سی کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل 29 اکتوبر کو گوہاٹی یا کولمبو میں سے کسی ایک مقام پر ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا فائنل ٹاکرا 2 نومبر کو بروز اتوار بنگلورو یا کولمبو میں سے کسی ایک مقام پر ہوگا۔
واضح رہے کہ سری لنکا کو میزبان بنانے کا فیصلہ پاکستان ٹیم کی ورلڈکپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد کیا گیا۔
خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آنے سے بھارت کے انکار کے بعد پاکستان نے بھی بھارت میں میچز کھیلنے سے انکار کیا تھا۔