بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر عہدے سے برطرف
BCB president Farooq Ahmed ousted
فائل فوٹو
ڈھاکہ:(ویب ڈیسک) بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر فاروق احمد کو صرف 9 ماہ بعد ان کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا۔

وزارت کھیل نے اُنہیں قومی اسپورٹس کونسل کے نمائندے کے عہدے سے بھی ہٹا دیا، جس کے بعد ان کا بی سی بی کی صدارت پر فائز رہنا ممکن نہ رہا۔

کرک انفو کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق وزارت کھیل کو بورڈ کے 8 ڈائریکٹرز کی جانب سے ایک عدم اعتماد کا خط موصول ہوا جس کے ساتھ بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) سے متعلق ایک تحقیقاتی رپورٹ بھی منسلک تھی۔

رپورٹ میں فاروق احمد پر آئینی خلاف ورزیوں، مشورہ لیے بغیر فیصلے کرنے اور لیگ میں بعض فرنچائزز کو بغیر مکمل جانچ کے شامل کرنے جیسے الزامات شامل تھے۔

عدم اعتماد کے اس خط پر دستخط کرنے والوں میں ناظم‌العبیدین فہیم، محبوب‌الانعام، قاضی انعام احمد، فہیم سنہا، صلاح‌الدین چوہدری، افتخار رحمان، سیف‌الرحمن ثُوَبان چوہدری اور منجور عالم شامل ہیں، تاہم سابق کپتان اکرم خان نے اس خط پر دستخط نہیں کیے۔

یہ بھی پڑھیں:بنگلادیش کیخلاف ٹی 20 سیریز، پاکستان کے اسکواڈ میں تبدیلی

واضح رہے کہ ان پر الزام عائد کیا گیا کہ فاروق احمد نے 2024-25 کے بی پی ایل سیزن میں دُربار راجشاہی اور چٹاگانگ کنگز جیسی ٹیموں کو منظوری دیتے وقت ضروری جانچ کا عمل مکمل نہیں کیا۔

واضح رہے کہ فاروق احمد کو 21 اگست 2023 کو بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کیا گیا تھا اور وہ اسی دن بی سی بی کے صدر منتخب ہوئے تھے۔ ان کا دورِ صدارت 9 ماہ 8 دن پر مشتمل رہا۔

دوسری جانب نئے صدر کے انتخاب کیلئے بی سی بی نے جلد ہی ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔