ورلڈ سنوکر چیمپئن محمد آصف کی والدہ رحلت فرما گئیں
 پاکستان کے نامور سنوکر کھلاڑی اور تین مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والے محمد آصف کی والدہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔
فائل فوٹو
فیصل آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور سنوکر کھلاڑی اور تین مرتبہ ورلڈ چیمپئن بننے والے محمد آصف کی والدہ مختصر علالت کے بعد انتقال کر گئیں۔

ذرائع نے بتایا کہ محمد آصف کی والدہ کی نماز جنازہ نماز ظہر کے بعد شیخ کالونی جھنگ روڈ قبرستان فیصل آباد میں ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ، رشتہ داروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے جہاں محمد آصف اور ان کے اہل خانہ غم سے نڈھال دکھائی دیئے، کئی معروف کھلاڑیوں، سماجی شخصیات اور سپورٹس حلقوں نے محمد آصف سے اظہار تعزیت کیا اور ان کی والدہ کے لیے دعائے مغفرت کی۔

محمد آصف نے اپنی والدہ کے انتقال پر کہا کہ "میری کامیابیوں کے پیچھے ان کی دعائیں اور قربانیاں شامل تھیں، آج میں جو کچھ بھی ہوں، اپنی ماں کی دعاؤں کی بدولت ہوں۔"

سوشل میڈیا پر کھیلوں کے حلقوں سمیت شائقین کی جانب سے بھی محمد آصف سے تعزیت کا سلسلہ جاری ہے اور ان کی والدہ کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔

واضح رہے کہ فیصل آباد کے باسی 42 سالہ محمد آصف نے پہلی مرتبہ 2012 میں آئی بی ایس ایف عالمی سنوکر چیمپئن شپ اپنے نام کی تھی جب کہ 2019 میں محمد آصف دوسری مرتبہ عالمی سنوکر چیمپئن بنے تھے۔

گزشتہ برس نومبر میں انہوں نے تیسری بار سنوکر چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا تھا، محمد آصف نے فائنل میں ایرانی حریف علی گھراہگوزلو کو 3 کے مقابلے میں 5 فریم سے شکست دی تھی۔