پہلی ایشیائی ماسٹر ویٹ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستانی سکواڈ قطر روانہ

فائیل فوٹو
May, 27 2025
لاہور: (ویب ڈیسک) ایشیا کی پہلی ماسٹر ویٹ چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پاکستان کی ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ٹیم قطر روانہ ہوگئی۔
پہلی ایشیائی ماسٹر ویٹ چیمپئن شپ میں مقابلے 27 سے 29 مئی تک دوحہ میں جاری رہیں گے جن کا مقصد تجربہ کار ایتھلیٹس کو بین الاقوامی سطح پر مواقع فراہم کرنا ہے۔
ایونٹ ایشین ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن اور انٹرنیشنل ماسٹرز ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے جو ایشیا بھر کے تجربہ کار ویٹ لفٹرز کو مقابلے کے نئے مواقع فراہم کرنے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
پاکستان ماسٹر ویٹ لفٹنگ ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان کی جانب سے خواتین اور مردوں پر مشتمل ٹیم مختلف عمر اور وزن کیٹیگریز میں حصہ لے رہی ہے، جو ایک مثبت قدم ہے۔
خواتین کھلاڑیوں میں سبل سہیل، نیلم رئیس اور نادیہ مقصود جبکہ مرد کھلاڑیوں میں رشید خان،عبد المالک، کاشف ریحان اور محمد اقبال شامل ہیں، پاکستانی وفد کی قیادت سید منور حسین زیدی (منیجر) اور عمر جاوید (اسسٹنٹ منیجر) کر رہے ہیں، جو عالمی سطح پر پاکستانی ویٹ لفٹرز کے ساتھ وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں افتتاحی تقریب آج منگل کو ہو رہی ہے جبکہ اختتامی تقریب 31 مئی کو منعقد ہوگی، مقابلے میں “سنچ” اور “کلین اینڈ جرک” کے روایتی اولمپک لفٹس شامل ہیں۔
پاکستانی ٹیم اس تاریخی چیمپئن شپ میں نہ صرف میڈلز کیلئے جان لڑائے گی بلکہ دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کا ارادہ بھی رکھتی ہے۔