عماد وسیم کا سکندر رضا کی پی ایس ایل فائنل میں واپسی پر دلچسپ تبصرہ

فائیل فوٹو
May, 27 2025
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے لاہور قلندرز کے آل راؤنڈر سکندر رضا کی اچانک واپسی پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
سکندر رضا نے انگلینڈ کے خلاف زمبابوے کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے نوٹنگھم میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلا جو ہفتے کی رات ختم ہوا اسکے صرف چند گھنٹوں بعد وہ لاہور قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانیوالے پی ایس ایل 10 کے فائنل کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم میں واپس پہنچ گئے۔
حالیہ ایک انٹرویو کے دوران عماد وسیم نے سکندر رضا کی اچانک واپسی پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں فرنچائز کرکٹر کو صرف اچھا کھلاڑی نہیں، بلکہ ذہین، فٹ اور ہر حالات کیلئے تیار ہونا چاہیے اور رضا ایسی ہی شخصیت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جیسے شعیب اختر نے کہا تھا، پیسہ بہت کچھ کروا دیتا ہے بالکل اگر آپ کو معاوضہ مل رہا ہو تو آپ ضرور جائیں گے۔
عماد وسیم نے بتایا کہ میں خود بھی بہت سفر کرتا ہوں، بعض اوقات ایک میچ ختم ہوتا ہے اور اگلے دن دوسرا کھیلنا پڑتا ہے، میں نے 24 گھنٹے بغیر رکے سفر کیا اور سیدھے میدان میں جا کر میچ کھیلا، تو ہاں، پیسہ بہت کچھ ممکن بنا دیتا ہے۔
دوسری جانب یہ تبصرہ جہاں کچھ افراد کو حقیقت پسندانہ لگا، وہیں کچھ نے اسے تنقید کا نشانہ بھی بنایا، سوشل میڈیا پر صارفین اس تبصرے پر اپنے خیالات کا اظہار کر رہے ہیں۔