
اسلام آباد کی رننگ کمیونٹیز کی جانب سے منعقد اس منفرد نائٹ رن ایونٹ میں رنرز، ان کے اہلخانہ، مختلف ممالک کے سفارتکاروں سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔
تقریب میں مختلف عمر کے گروپوں کی شرکت دیکھنے میں آئی، اسلام آباد کے رنرز کے علاوہ لاہور اور کراچی کے لوگوں نے بھی ایونٹ میں شرکت کی، اسلام آباد کے رننگ کلبز بشمول "مارگلہ ٹریل رنرز"، "اسلام آباد رن ود اس "اور "اسلام آباد رننگ کلب "کی ٹیموں نے بھی ریس میں بھر پور حصہ لیا۔
اس منفرد رننگ ایونٹ میں 5 اور 10 کلومیٹر کی دوڑ شامل تھی جس کا روٹ پارک ویو سٹی اسلام آباد میں رکھا گیا تھا، دوڑ میں بچوں کی ایک بڑی تعداد نے بھی حصہ لیا اور شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیشتر بچوں نے5 کلومیٹر کی دوڑ مکمل کی۔
پانچ کلومیٹر دوڑ کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن اسلام آباد "رن ود اس " کے عمر زمان نے حاصل کی جبکہ مارگلہ ٹریل رنر اطہر اختر دوسرے نمبر پر رہے، خواتین میں اینجا میر فائنل لائن عبور کرنے والی پہلی خاتون تھیں جبکہ اینا ہڈسن نے دوسرے پوزیشن حاصل کی۔
مرد رنرز کی دس کلو میٹر کیٹیگری ریس میں شہباز وارث پہلے اور مارگلہ ٹریل رنر وقار احمد دوسرے نمبر پر رہے، دس کلومیٹر دوڑ کی کیٹیگری میں خواتین میں سلطانت سنبینا نے پہلے جبکہ فرح عمر دوسرے نمبر پر رہیں، ریس جیتنے والوں کو انعامات سے بھی نوازا گیا۔
دوڑ کے ان مقابلوں کے بعد آتش بازی، ڈانسنگ فاؤنٹینز کا اہتمام کیا گیا جسے شرکاء نے خوب سراہا، ایونٹ میں آئے شرکاء کے لیے میوزک کانسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔
نائٹ رن کے اس دوسرے ایڈیشن کا مقصدکھیلوں جیسی صحتمندانہ اور تفریحی سرگرمیوں کے امتزاج سے شہر کی رات کو روشنیوں سے بھرنا ، دارالحکومت میں فٹنس اور صحتمندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا بھی تھا۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ ایونٹ کے اس دوسرے ایڈیشن میں کئی نئے رنرز اور تجربہ کار رنرز کو بھی اکٹھا کیا گیا تاکہ وہ ایک ٹریک پر ایک ساتھ دوڑیں، ایسی سرگرمیوں کا انعقاد شرکاء، منتظمین اور رضاکاروں کی غیر متزلزل لگن کے بغیر ممکن نہیں تھا۔