پی ایس ایل 10: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو دھول چٹادی
 ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے آخری راؤنڈ گروپ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو  79 رنز سے شکست دے دی۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
راولپنڈی: (سنو نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے آخری راؤنڈ گروپ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 79 رنز سے شکست دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے 252 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی پوری ٹیم صرف 172 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان ڈیوڈ وارنر 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، ٹم سائفرٹ 26، عباس آفریدی 34، عرفان خان، 14 اور عامر جمال 16 رنز بنا سکے، کنگز کے 5 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

جیمز وینس 8 ، سعد بیگ 5، خوشدل شاہ ایک اور محمد نبی 5 رنز بنا کر چلتے بنے جبکہ حسن علی بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے، میر حمزہ 12 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کپتان شاداب خان نے 4، سلمان ارشاد نے 3 ، عماد وسیم نے 2 جبکہ سلمان آغا نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، یونائیٹڈ کی ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز صاحبزادہ فرحان اور ایلکس ہیلز نے شاندار آغاز فراہم کیا اور 153 رنز کی شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 41 گیندوں پر 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

نئے آنیوالے بلے باز وینڈر ڈیوسن زیادہ دیر کریز پر ایلکس ہیلز کا ساتھ نہ نبھا سکے اور 7 گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر پویلین چلتے بنے، سلمان آغا بھی کچھ دیر بھی کریز پر ٹھہر سکے اور 5 گیندوں پر 7 رن بنا کر رن آؤٹ ہو گئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ایلکس ہیلز 35 گیندوں پر 88 رنز بنا کر نمایاں رہے، ان کی اننگ میں 8 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، کپتان شاداب خان نے بھی ذمہ دارانہ کھیل پیش کیا اور 19 گیندوں پر 42 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ حیدر علی 19اور بین ڈوورشیئس 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے میر حمزہ ، خوشدل شاہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ سے شکست کے بعد کراچی کنگز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے سے تیسرے نمبر پر چلی گئی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے دوسرے نمبر پر قبضہ جما لیا ہے، اسی طرح کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پوائنٹس ٹیبل پر پہلے جبکہ لاہور قلندرز چوتھے نمبر پر ہے۔