ملتان سلطانز کی جانب سے دیا گیا 186 رنز کا ہدف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، حسن نواز نے 38 گیندوں پر 6 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خواجہ نافع نے 51، کپتان سعود شکیل نے 18، دنیش چندیمل نے 17، فہیم اشرف نے 16 ، اویشکا فرنینڈو نے 7 رنز بنائے جبکہ ابرار احمد 2، محمد وسیم جونیئر ایک اور دانش عزیز بغیر کھاتہ کھولے ہی پویلین لوٹ گئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے شاہد عزیز نے 3 جبکہ محمد حسنین، عبید شاہ اور پیٹر ہیٹزوغلو نے ایک،ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
قبل ازیں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اوپنر یاسر خان 25 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنا کر نمایاں رہے، طیب طاہر نے 36 ، شاہد عزیز نے 29، جہانزیب سلطان نے 25 رنز بنائے۔
سلطانز کے ہمایوں الطاف 16 اور کپتان محمد رضوان 4 اور پیٹر ہیٹزوغلو ایک رن بناکر پویلین لوٹے جبکہ محمد عامر برکی 21 اور محمد حسنین نے 4 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عثمان طارق نے 3 کھلاڑیوں کی پویلین کی راہ دکھائی جبکہ محمد وسیم جونیئر، ابرار احمد، فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پہلے ہی پلے آف کے لیے کوالیفائی کرچکی ہے جب کہ ملتان سلطانز بھی پہلے ہی پلے آف کی دوڑ سے باہر ہوچکی تھی۔