
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق 17 مئی سے دوبارہ شروع ہونے والے پی ایس ایل 10 کے پہلے تین دنوں کو مختلف افواج کے نام منسوب کیا گیا ہے، پہلا دن پاکستان آرمی، دوسرا دن پاکستان نیوی اور تیسرا دن پاکستان ایئر فورس کے نام رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا کہنا ہے کہ یہ اقدام کرکٹ کے ذریعے ملک کے دفاع کیلئے جان دینے والوں کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے اٹھایا گیا ہے۔
علاوہ ازیں راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان 27 ویں میچ کے دوران شہداء کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
واضح رہے کہ اس تقریب میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف بھی اسٹیڈیم میں موجود تھے، ان کی موجودگی نے اس موقع کی اہمیت کو مزید بڑھایا۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے افواج پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کا اعتراف ہے، جو کہ ملک کی حفاظت اور یکجہتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔