
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 27 سے 31 مئی تک جنوبی کوریا کے شہر گومی میں منعقد ہوگی جس میں تجربہ کار اور ابھرتے ہوئے کھلاڑی مختلف ٹریک اور فیلڈ ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم اس اسکواڈ کی قیادت کریں گے اور جیولن تھرو میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے، ان کے ساتھ یاسر سلطان بھی اسی ایونٹ میں حصہ لیں گے جو ایک ابھرتے ہوئے کھلاڑی ہیں۔
ٹریک ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی شجاع عباس اور معید بلوچ کریں گے جو 400 میٹر ریس میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے جبکہ خواتین کی 100 میٹر ریس میں تمین خان پاکستان کی نمائندگی کریں گی جو ملک میں خواتین ایتھلیٹکس کے فروغ کی علامت ہیں۔
ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ایشیا کی سب سے بڑی ایتھلیٹکس مقابلوں کی سیریز ہے جو ہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہے، اس چیمپئن شپ کا آغاز 18 نومبر 1973 کو فلپائن کے شہر مریکینا (Marikina) میں ہوا، جہاں پہلی بار ایشیائی ممالک کے ایتھلیٹس نے ایک دوسرے کے خلاف مقابلہ کیا۔
اس چیمپئن شپ کا انعقاد ایشین ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے زیرِ انتظام کیا جاتا ہے، 2023 میں اس کا 25واں ایڈیشن تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں منعقد ہوا جس میں 42 ممالک کے 728 ایتھلیٹس نے شرکت کی۔
اس سال کی چیمپئن شپ میں 43 ایشیائی ممالک کے 2 ہزار سے زائد ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے، جو کہ اس ایونٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا انعقاد ہوگا۔