ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کی انعامی رقم کا اعلان
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کے لیے انعامی رقم کی تقسیم کا اعلان کر دیا ہے
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کے لیے انعامی رقم کی تقسیم کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 کے لیے انعامی رقم کی تقسیم کا اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 36 لاکھ امریکی ڈالرز دیئے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل 11 جون سے لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، جہاں آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ دونوں ٹیموں نے ایونٹ کے دوران شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فائنل تک رسائی حاصل کی ہے، اور شائقین کرکٹ کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت میں 11 گھنٹے کا خوفناک منظر، آسٹریلوی کرکٹر نے بتا دیا

اس ایونٹ میں پاکستان کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ قومی ٹیم نے توقعات کے برعکس ناقص کھیل پیش کیا اور پوائنٹس ٹیبل پر نویں نمبر پر رہی۔ اس ناقص کارکردگی کے باعث پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گیا، تاہم آئی سی سی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے لیے ان کی پوزیشن کے مطابق انعامی رقم مختص کی ہے۔

پاکستان کو نویں پوزیشن حاصل کرنے پر 13 کروڑ 53 لاکھ روپے (تقریباً 4 لاکھ 86 ہزار امریکی ڈالر) دیے جائیں گے، جو کہ قومی کرکٹ بورڈ کے لیے ایک معمولی تسلی ہو سکتی ہے۔ مبصرین کے مطابق، پاکستان کو مستقبل میں ٹیسٹ کرکٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اگلے ایڈیشن میں ٹیم بہتر پرفارم کر سکے۔

یہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا دوسرا ایڈیشن ہے، جس کا آغاز 2023 میں ہوا تھا۔ اس ایونٹ میں دنیا بھر کی ٹاپ ٹیسٹ ٹیمیں تقریباً دو سال تک مختلف باہمی سیریز کھیل کر پوائنٹس حاصل کرتی رہیں، اور بالآخر دو بہترین ٹیموں نے فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

آئی سی سی کے مطابق، اس انعامی رقم کی تقسیم کا مقصد ٹیسٹ کرکٹ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور ٹیموں کو اعلیٰ کارکردگی کی طرف راغب کرنا ہے۔ کرکٹ حلقوں میں یہ اقدام سراہا جا رہا ہے اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ ٹیسٹ کرکٹ کو مزید فروغ دے گا۔