بھارت میں 11 گھنٹے کا خوفناک منظر، آسٹریلوی کرکٹر نے بتا دیا
پاک بھارت کشیدگی کے دوران آسٹریلوی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی نے بھارت میں اپنے قیام کے دوران پیش آنے والے انتہائی خوفناک تجربے کی تفصیلات شیئر کر دیں
آسٹریلوی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی اپنے شوہر آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے ہمراہ/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاک بھارت کشیدگی کے دوران آسٹریلوی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان ایلیسا ہیلی نے بھارت میں اپنے قیام کے دوران پیش آنے والے انتہائی خوفناک تجربے کی تفصیلات شیئر کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق ایلیسا ہیلی اور ان کے شوہر، آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک، بھارتی شہر دھرم شالا میں ایک میچ دیکھ رہے تھے جب اچانک ایئر سائرن بجنے لگے اور اسٹیڈیم کی تمام لائٹس بند کر دی گئیں۔

ایلیسا کے مطابق، ’’ہمیں بالکل معلوم نہیں تھا کیا ہو رہا ہے، اچانک ہمیں ایک محفوظ کمرے میں منتقل کر دیا گیا، جہاں دیگر غیر ملکی کھلاڑی بھی موجود تھے۔ فاف ڈوپلیسی کے پاس تو جوتے بھی نہیں تھے، سب گھبراہٹ اور خوف کا شکار تھے۔‘‘

یہ بھی پڑھیں:ویرات کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

ہیلی کے مطابق، انہیں اور دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو ممکنہ میزائل حملوں کے خطرے کے پیش نظر فوری طور پر محفوظ مقام پر لے جایا گیا۔ حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اگلے ہی روز کھلاڑیوں کو دارالحکومت نئی دہلی منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ لیکن یہ سفر بھی کسی مہم جوئی سے کم نہ تھا۔

ایلیسا ہیلی نے بتایا کہ دہلی کی جانب سفر کے دوران ان کی نظر کئی دفاعی تنصیبات اور میزائل لانچنگ سائٹس پر پڑی جو کسی بھی وقت متحرک ہو سکتی تھیں۔ ’’ہم نے جو مناظر دیکھے وہ کسی جنگی فلم سے کم نہیں تھے،‘‘ انہوں نے کہا۔ ’’یہ سب کچھ انتہائی خوفناک اور پریشان کن تھا۔‘‘

 یاد رہے واقعے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ اور انڈین حکومت نے انڈین پریمیئر لیگ کو عارضی طور پر معطل کر دیا تھا۔