ویرات کوہلی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بھارتی کرکٹ شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی
بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی/ فائل فوٹو
نئی دہلی: (سنو نیوز) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ بھارتی کرکٹ شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔

تفصیلات کے مطابق ویرات کوہلی نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ سے دور ہونے کا فیصلہ ان کے لیے آسان نہیں تھا لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ یہ ان کے اور ٹیم کے مفاد میں ایک درست فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیسٹ کرکٹ کو سب سے معتبر اور اصل کرکٹ سمجھتے رہے ہیں، اور اسی فارمیٹ نے انہیں ایک مکمل کھلاڑی بنایا۔

یاد رہے 14 سالہ کیریئر میں ویرات کوہلی نے بھارت کی جانب سے 123 ٹیسٹ میچز کھیلے، جن میں انہوں نے 30 شاندار سنچریاں اور 31 نصف سنچریاں اسکور کیں۔ ان کا مجموعی اسکور 9230 رنز رہا، جو بھارتی کرکٹ کی تاریخ میں ایک شاندار سنگ میل ہے۔ انہوں نے دنیا کے تقریباً تمام بڑے میدانوں پر اپنی بلے بازی کے جوہر دکھائے اور بھارت کو کئی ٹیسٹ میچز میں فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

کوہلی کی ریٹائرمنٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب حال ہی میں بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے بھی ٹیسٹ کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی تھی۔ ان دونوں اہم کھلاڑیوں کی رخصتی سے بھارتی ٹیسٹ ٹیم کو قیادت اور تجربے کے لحاظ سے شدید نقصان پہنچے گا۔

کرکٹ حلقوں اور سابق کھلاڑیوں نے ویرات کوہلی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک لیجنڈ قرار دیا ہے۔ بی سی سی آئی کی جانب سے بھی کوہلی کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، اور انہیں بھارتی کرکٹ کا ایک قیمتی سرمایہ قرار دیا گیا ہے۔

ویرات کوہلی اب صرف محدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ دیں گے اور امید کی جا رہی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے فارمیٹ میں اپنی کارکردگی جاری رکھیں گے۔ ان کی ریٹائرمنٹ نے ایک دور کا اختتام کر دیا ہے، اور ان کے شائقین کے لیے یہ خبر یقینا جذباتی لمحہ ہے۔