محمد وسیم نے ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیت لیا
Mohammad Waseem boxing title
فائل فوٹو
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) پاکستان کے مایہ ناز باکسر محمد وسیم نے عالمی سطح پر ایک اور اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے ورلڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل جیت لیا۔

تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کے پولو کلب میں ہونے والی پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کے دوران محمد وسیم نے وینزویلا کے باکسر وسیٹون اورونو کو سنسنی خیز مقابلے میں نویں راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا، اور ڈبلیو بی اے ورلڈ گولڈ بینٹم ویٹ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

واضح رہے کہ یہ چیمپئن شپ ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کے تحت جنوبی ایشیا میں پہلی بار منعقد کی گئی، جس کا میزبان پاکستان کا صوبہ بلوچستان اور شہر کوئٹہ بنا۔ ایونٹ میں دنیا بھر سے معروف باکسرز نے شرکت کی، جن میں یوکے کے جیمی گیلی، سہیل اقبال، الیگز ڈیلمغانی، مراکش کے طارق زائنا اور میکسیکو کے جیسس سراچو شامل تھے۔ ان باکسرز نے مختلف کیٹگریز میں اپنے مقابلے جیت کر شائقین کو خوب محظوظ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:پاک بھارت کشیدگی کی زد میں آئی پی ایل معطل

چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 8 فائٹس ہوئیں، جن میں 4 ٹائٹل فائٹس شامل تھیں۔ خواتین باکسرز نے بھی ایونٹ میں اپنا لوہا منوایا۔ پاکستانی خواتین باکسر فاطمہ ہزارہ اور ملائکہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے میچز جیت لیے۔

محمد وسیم کی اس تاریخی جیت نے نہ صرف پاکستانی باکسنگ کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان دی ہے بلکہ بلوچستان میں کھیلوں کے فروغ کیلئے بھی یہ ایک مثبت قدم ثابت ہوا ہے۔ کوئٹہ میں اس شاندار ایونٹ کا انعقاد نہ صرف کھیلوں کے شائقین کیلئے خوشی کا باعث بنا بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو بھی اجاگر کیا۔