
کراچی کنگز کی دعوت پر لاہور قلندرز نے اننگ کا شروع کی تو اوپنرز فخر زمان اور محمد نعیم نے شاندار آغاز فراہم کیا ، ٹیم کے 90 رنز کے مجموعے پر محمد نعیم 65 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 29 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے رواں سیزن کی تیز ترین نصف سنچری بھی جڑ دی۔
لاہور قلندرز کی اننگ 7.5 اوورز پر پہنچی تو میچ کو بارش نے آن لیا جس پر کچھ دیر کے لیے میچ روک دیا گیا، بعدازاں میچ دوبارہ شروع ہوا فی اننگ کو 15،15 اوورز تک محدود کردیا گیا۔
اس کے بعد 121 کے مجموعی سکور پر عبد اللہ شفیق 18 رنز بنا کر عباس آفریدی ہاتھوں پویلین لوٹے جبکہ نئے آنے والے بلے باز ڈیرل مچل کو بھی عباس آفریدی نے گولڈن ڈک پر چلتا کیا۔
پھر سیم بلنگز 2 رنز بناکر ہی ہمت ہار گئے ، سکندر رضا 8، فخرزمان 51، شاہین آفریدی صفر،آصف علی 2 رن بنا کر چلتے بنے جبکہ آصف آفریدی 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، یوں لاہور قلندرز نے 160 رنز بنائے تاہم ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت کراچی کنگز کو جیت کیلئے 168 رنز کا ہدف دیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے عباس آفریدی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ میر حمزہ، حسن علی اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز کی کمان شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں میں ہے جبکہ کراچی کنگز کو ڈیوڈ وارنر لیڈ کررہے ہیں۔
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم لاہور قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے ۔
لاہور قلندرز کا سکواڈ:
شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، فخر زمان، محمد نعیم، عبداللہ شفیق، ڈیرل مچل، سیم بلنگز (وکٹ کیپر)، سکندر رضا، آصف علی، رشاد حسین، حارث رؤف، آصف آفریدی
کراچی کنگز کا سکواڈ:
ڈیوڈ وارنر (کپتان)، ٹم سائفرٹ (وکٹ کیپر) ، جیمز وینس، سعد بیگ، خوشدل شاہ، عرفان خان نیازی، محمد نبی، عامر جمال، عباس آفریدی، حسن علی، میر حمزہ
خیال رہے کہ لاہور قلندرز نے ایونٹ میں اب تک 8میچز کھیل رکھے ہیں جن میں سے لاہور قلندرز چار میچز میں فاتح رہی جبکہ تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا اور ایک میچ بے نتیجہ ختم ہو گیا یوں لاہور قلندرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر 9 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب کراچی کنگز آج اپنا آٹھواں میچ کھیل رہی ہے، کراچی کنگز نے گزشتہ 7 میچز میں سے 4 میں فتح حاصل کی جبکہ تین میچز میں کراچی کنگز کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا، یوں کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھی پوزیشن پر ہیں۔



