کین ولیمسن نے بابر اعظم کو پسندیدہ کرکٹر قرار دیا
Kane Williamson and Babar Azam
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کے سابق کپتان کین ولیمسن نے پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم کو اپنا پسندیدہ پاکستانی کرکٹر قرار دے دیا۔

کین ولیمسن نے ایک خصوصی انٹرویو میں بابر اعظم کی بیٹنگ کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ بابر اعظم کو بلےبازی کرتے دیکھنے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مَیں صرف چند دنوں سے ہوں، مگر برسوں سے پاکستانی ٹیم کیخلاف کئی بار کھیل چکا ہوں۔ بابر اعظم ایک شاندار بلےباز ہیں اور ان کی بیٹنگ دیکھنا ہمیشہ خوشی کا باعث رہا ہے۔ وہ بہت خوبصورت کھیل پیش کرتے ہیں، جو دیکھنے کے قابل ہوتا ہے، اس لیے وہ ہمیشہ میرے پسندیدہ کرکٹر رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے سابق کپتان نے پاکستان کرکٹ کی فاسٹ بولنگ کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ میں ہمیشہ سے فاسٹ بولرز کی بھرمار رہی ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ نئی گیند کے ساتھ شاندار بولنگ کرتے ہیں۔

کین ولیمسن نے بھارت میں آئی پی ایل کے دوران کمنٹری کرنے کے تجربے کو بھی خوشگوار قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کھیلتے ہوئے کچھ مختلف کرنے کی کوشش نے انہیں ایک نئے اور دلچسپ تجربے سے روشناس کرایا۔

واضھ رہے کہ کین ولیمسن کا بابر اعظم کی بیٹنگ کی تعریف کرنا پاکستانی کرکٹ کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے، جو دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکے ہیں۔