پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کو شکست، ملتان سلطانز نے فتح کا مزہ چکھ لیا
 ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہو رقلندرز کو جیت کیلئے  229 رنز کا ہدف دے دیا۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
ملتان: (سنو نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے 12ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہو رقلندرز کو شکست دے کر فتح کا مزہ چکھ لیا۔

 ملتان سلطانز کے 229 رنز کے ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 195 رنز ہی بنا سکی۔

 لاہور قلندرز کی جانب سے سیم بلنگز 43 رنز بنا کر نمایاں رہے، فخر زمان 32، محمد نعیم 11، عبداللہ شفیق 18، ڈیرل مچل 19اور رشاد حسین 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کپتان شاہین آفریدی 2، آصف آفریدی 4، حارث رؤف ایک رن ہی بنا سکے جبکہ سکندر رضا 50 اور زمان خان ایک رن کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے عبید شاہ نے 3، مائیکل بریسویل اور اسامہ میر نے 2،2 جبکہ ڈیوڈ ویلی اور جوش لٹل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنائے، سلطانز کی جانب سے اوپنر یاسر خان نے 44 گیندوں پر 6 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 87 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کپتان محمد رضوان 32، عثمان خان 39، آسٹن ٹرنر 15 جبکہ مائیکل بریسویل 9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، افتخار احمد 18 گیندوں پر 40 جبکہ کامران غلام 3 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے رشاد حسین نے 2 جبکہ کپتان شاہین آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔