
انہوں نے پی ایس ایل کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بننے کا اعزاز حاصل کرتے ہوئے وہاب ریاض کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔
جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 119 رنز ہی بنا سکی۔ اس شاندار فتح میں حسن علی کا کردار فیصلہ کن رہا۔
حسن علی نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین واہس بھیجا۔ انہوں نے کوئٹہ کے اوپنر حسن نواز کو صرف ایک رن پر آؤٹ کیا، جو ان کے کیریئر کی 116ویں وکٹ تھی۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی وہ پی ایس ایل میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے۔
ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل یہ اعزاز وہاب ریاض کے پاس تھا، جنہوں نے 87 اننگز میں 113 وکٹیں حاصل کی تھیں، جبکہ حسن علی نے 84 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا۔
30 سالہ حسن علی اس سیزن میں بھی شاندار فارم میں ہیں اور اب تک صرف 3 میچز میں 8 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔
کراچی کنگز نے پی ایس ایل 10 میں اب تک تین میچز کھیلے ہیں، جن میں سے دو میں کامیابی حاصل کی، ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
حسن علی کی اس کارکردگی کو نہ صرف شائقین بلکہ سابق کرکٹرز نے بھی خوب سراہا ہے، اور سوشل میڈیا پر انہیں ریکارڈ شکن بولر قرار دیا جا رہا ہے۔