پی ایس ایل 10:اسلام آباد یونائیٹڈ کا ملتان سلطانز کو 203 رنز کا ہدف
 ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے ساتویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
ٖفوٹو سکرین گریب
راولپنڈی: (سنو نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے ساتویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو جیت کیلئے 203 رنز کا ہدف دے دیا۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔

یونائیٹڈ کی جانب سے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 35 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 53 رنز کی جارحانہ اننگ کھیلی، کولن منرو 48 ، حیدر علی 33، کپتان شاداب خان 14، آندرے گوس 9 جبکہ اعظم خان 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

جیسن ہولڈر نے 14 گیندوں پر 32 اور نسیم شاہ نے ایک رن پر ناٹ آؤٹ اننگ کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے کرس جورڈن نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویلی، اسامہ میر، محمد حسنین اور عبید شاہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں ملتان سلطانز کی قیادت محمد رضوان کررہے ہیں جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کمان شاداب خان کے ہاتھوں میں ہے۔

خراب موسم کے باعث ٹاس ساڑھے 7 بجے کے بجائے 8 بج کر 15 منٹ پر ہوا اور میچ کےآغاز میں تاخیر ہوئی، تاہم، تاخیر سے شروع ہونے کے باوجود اوورز میں کوئی کٹوتی نہیں کی گئی۔

ملتان سلطانز الیون:

محمد رضوان (کپتان، وکٹ کیپر)، شائی ہوپ، عثمان خان، افتخار احمد، کامران غلام، مائیکل بریسویل، ڈیوڈ ولی، کرس جورڈن، اسامہ میر، عبید شاہ، محمد حسنین

اسلام آباد یونائیٹڈ سکواڈ:

شاداب خان (کپتان)، آندرے گوس، صاحبزادہ فرحان، کولن منرو، حیدر علی، اعظم خان (وکٹ کیپر)، ، جیسن ہولڈر، محمد شہزاد، عماد وسیم، نسیم شاہ، رائلے میریڈتھ

خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ایونٹ میں اب تک دو میچز کھیل چکی ہے اور دونوں میں ہی فاتح رہی جبکہ ملتان سلطانز نے ایک میچ کھیلا جس میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔