پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز کے ہاتھوں کراچی کنگز کو شکست
 ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کیلئے 202 رنز کا ہدف دے دیا۔
فوٹو بشکریہ فیس بک
کراچی:(سنو نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دسویں سیزن کے چھٹے میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو 65 رنز سے شکست دیدی۔

کراچی نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے اور کراچی کنگز کو جیت کیلئے 202 رنز کا ہدف دیا لیکن کراچی کنگز کی پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 136 رنز ہی بنا سکی۔

کراچی کنگز اپنی اننگ کا آغاز اچھا نہ کر سکی اور صفر پر ہی دو وکٹیں گنوا بیٹھی، کنگز کی جانب سے خوشدل شاہ 39 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ حسن علی 27، ٹم سائفرٹ اور شان مسعود 18،18 رنز بنا سکے۔

 کنگز کی جانب سے ایڈم ملن 16، عرفان خان 6 اور عباس آفریدی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ، کپتان ڈیوڈ وارنر اور جیمز وینس بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے جبکہ فواد علی 2 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی اور رشاد حسین نے 3،3 جبکہ سکندر رضا نے 2 ، حارث رؤف اور آصف آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے۔

قلندرز کی جانب سے فخر زمان نے 47 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے77 رنز سکور کیے جبکہ ڈیرل مچل نے 41 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے75 رنز کی اننگ کھیلی۔

لاہور قلندر کے سیم بلنگز 10 گیندوں پر 19 ، محمد نعیم 5گیندوں پر عبداللہ شفیق 9 گیندوں پر 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، رشاد حسین 3 گیندوں پر 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہو گئے جبکہ سکندر رضا 5 گیندوں پر 10 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے حسن علی نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ عباس آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔