ملتان سلطانز کا ہر چھکے اور وکٹ کے بدلے فلسطینیوں کیلئے عطیات کا اعلان
 پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے ایونٹ کےد وران ہر اپنی ٹیم کے ہر چھکے اور وکٹ کے بدلے مظلوم فلسطینیوں کیلئے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز ملتان سلطانز نے ایونٹ کےد وران ہر اپنی ٹیم کے ہر چھکے اور وکٹ کے بدلے مظلوم فلسطینیوں کیلئے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے۔

فرنچائز نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اپنے ہر چھکے اور وکٹ پر فلسطینی فلاحی تنظیموں کو ایک لاکھ روپے (تقریباً 356 امریکی ڈالر) عطیہ کرے گی۔

ملتان سلطانز کے مالک علی خان ترین نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ اس سیزن میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم فلسطین کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ملتان سلطانز کے ہر بیٹر کے چھکے پر ہم فلسطینی فلاحی اداروں کو ایک لاکھ روپیہ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے باؤلرز بھی اس میں شامل ہونا چاہتے تھے، اس لیے ہم نے ہر حاصل کردہ وکٹ پر بھی عطیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے، خاص طور پر ان اداروں کے لیے جو بچوں کی مدد کر رہے ہیں۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) جو کہ پاکستان کی نمایاں ٹی20 لیگ ہے، ہر سال شائقین کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے اور صرف کرکٹ ہی نہیں بلکہ اہم سماجی مسائل پر شعور اجاگر کرنے کے لیے بھی ایک بااثر پلیٹ فارم بن چکی ہے۔

جمعہ کو راولپنڈی میں ایک شاندار افتتاحی تقریب کے ساتھ لیگ کا آغاز ہوا جس نے ایک بار پھر شائقین کو تفریح سنسنی خیز کرکٹ اور سماجی ذمہ داریوں کے امتزاج نے مسحور کر دیا۔

یاد رہے کہ ہفتہ کے دن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کے خلاف زبردست کارکردگی دکھاتے ہوئے 216 رنز کا بڑا ہدف سیٹ کیا، جس میں سعود شکیل کی 59 رنز کی اننگز نمایاں رہی، جواب میں زلمی کی پوری ٹیم 136 رنز پر ڈھیر ہو گئی، جب کہ اسپنر ابرار احمد نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

ایک اور سنسنی خیز میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے 234 کے بڑے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے چار وکٹوں سے فتح حاصل کی، جیمز وِنس نے صرف 43 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کر لی۔