کراچی کنگز کو بڑا دھچکا،وکٹ کیپر ایونٹ سے باہر
Litton Das injury PSL 10
فائل فوٹو
کراچی:(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے آغاز سے قبل ہی کراچی کنگز کو ایک بڑا جھٹکا، ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر لٹن داس انٹرا اسکواڈ میچ کے دوران زخمی ہو کر پورے ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق لٹن داس جمعرات کو ہونے والے انٹرا اسکواڈ میچ کے دوران سیدھے ہاتھ پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔ ابتدائی طبی معائنے کے بعد معلوم ہوا کہ ان کے انگوٹھے میں ہیر لائن فریکچر ہے۔ ڈاکٹرز نے انہیں کم از کم 2 ہفتے کے مکمل آرام کا مشورہ دیا ہے، جس کے باعث وہ پی ایس ایل میں مزید شرکت نہیں کر سکیں گے۔

ذرائع کے مطابق لٹن داس ہفتہ کی صبح اپنے آبائی ملک بنگلہ دیش روانہ ہوگئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی کراچی کنگز کیلئے ایک بڑا نقصان تصور کی جا رہی ہے، خاص طور پر جب ٹیم اپنا پہلا میچ آج اپنے ہوم گراؤنڈ پر ملتان سلطانز کیخلاف کھیلنے جا رہی ہے۔

کراچی کنگز کی انتظامیہ نے لٹن داس کے ان فٹ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے متبادل کھلاڑی کے انتخاب پر کام جاری ہے اور جلد ہی نئے وکٹ کیپر بیٹر کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ لٹن داس کو ان کی جارحانہ بیٹنگ اور شاندار وکٹ کیپنگ کی وجہ سے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا، ان کا جانا کراچی کنگز کی بیٹنگ لائن اپ پر بھی اثر ڈال سکتا ہے۔