
پشاور زلمی ٹیم کے کپتان اور اسٹار بلے باز بابر اعظم نیٹ پریکٹس کے دوران انجری کا شکار ہو گئے ہیں، جس نے نہ صرف ٹیم مینجمنٹ بلکہ مداحوں کو بھی پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم پریکٹس سیشن کے دوران ایک گیند لگنے سے زخمی ہوئے، جس کے بعد وہ ڈریسنگ روم کی جانب لنگڑاتے ہوئے واپس جاتے دکھائی دیے۔ شائقین ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعائیں کر رہے ہیں۔
تاحال بابر کی انجری کی نوعیت یا شدت کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔ ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ بابر کا طبی معائنہ جاری ہے، اور اگلے چند گھنٹوں میں ان کی دستیابی یا عدم دستیابی کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا۔
ادھر پی ایس ایل 10 کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی، جس کے بعد دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان پہلا میچ کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ اگر بابر اعظم اگلے میچز کیلئے دستیاب نہ ہو سکے تو یہ پشاور زلمی کیلئے ایک بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ ان کی موجودگی ٹیم کے بیٹنگ لائن اپ کا اہم ستون ہے۔



