
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ون ڈے میچز کی سیریز کا پہلا میچ 29مارچ کو نیپیئر میں کھیلا گیا جہاں قومی ٹیم مقررہ وقت میں اپنے اوورز مکمل نہ کر سکی۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستانی ٹیم مقررہ وقت کے حساب سے دو اوورز کم کرانے میں ناکام رہی جس پر شاہینوں کو جرمانے کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی ٹیم پر جرمانے کا فیصلہ میچ ریفری کی جانب سے وقت کے الاؤنسز کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا، میچ ریفری انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت کسی بھی ٹیم کو سلو اوور ریٹ پر جرمانہ کرنے کے مجاز ہیں۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے تحت مقررہ وقت میں ہر ایک اوور کم کرانے پر ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور اسی بنیاد پر پاکستان ٹیم پر مجموعی طور پر 10 فیصد میچ فیس کا جرمانہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم اس وقت تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے سلسلے میں نیوزی لینڈ میں موجود ہے جہاں اسے پہلے ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 73 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم شاہین سیریز کے بقیہ دو میچز میں فتح کیلئے پُرامید ہیں۔