قومی کرکٹ ٹیم منگل کو نیوزی لینڈ میں عید منائے گی
 نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم ہیملٹن میں کل منگل کے روز عید منائے گی۔
ہیملٹن: (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ ٹیم ہیملٹن میں کل منگل کے روز عید منائے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کی شام نیوزی لینڈ میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور آج پیر کے روز نیوزی لینڈ میں 30 واں روزہ ہے جبکہ منگل کے روز وہاں مسلمان مذہبی عقیدت و احترام سے عید منائیں گے۔

نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹرز ہیملٹن میں نماز عید کے بعد وقت گزاریں گے جبکہ دوپہر دو بجے پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔

عید الفطر کے موقع پر قومی کرکٹرز نے قوم نے نام خصوصی پیغام بھی جاری کیے ہیں۔

قومی کرکٹرز نے قوم کے نام عید کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ پوری ٹیم کی جانب سے تمام پاکستانیوں اور اہل اسلام کو عید کی خوشیاں مبارک ہوں، عید کے اس پرمسرت موقع پر اپنے اہلخانہ ، ہمسایوں اور رشتہ داروں کا خیال رکھیں، میٹھی عید پر خوشیاں بانٹیں اور ایک اچھا دن گزاریں۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نیوزی لینڈ کیخلاف 3 ون ڈے میچز کے سلسلے میں نیوزی لینڈ میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہے، شاہین اور کیویز دوسرے ون ڈے میچ میں 2 اپریل کو نیوزی لینڈ کے شہر ہیملٹن میں ٹکرائیں گے۔