
ون ڈے سیریز کے آغازسے قبل نیوزی لینڈ میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز میں کنڈیشنز مشکل تھیں، نوجوان کرکٹرز کو نئی کنڈیشنز میں کھیلنے میں مشکلات رہیں، امید ہے یہی نئے چہرے برصغیر کی پچز پر شاندار کارکردگی دکھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ون ڈے کی ٹیم سینئر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ون ڈے سکواڈ میں بابر اعظم ، محمد رضوان سمیت کئی تجربہ کار بلے باز اور باؤلرز بھی ہیں، امید ہے ون ڈے ٹیم کے نتائج ٹی 20 سیریز سے مختلف ہوں گے اور ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
عاقب جاوید نے کہا کہ صائم ایوب اور فخر زمان کی واپسی سے ٹی 20 ٹیم بھی مضبوط ہو گی اور پاکستان سپر لیگ کے بعد ایک بہتر ٹی 20 ٹیم سامنے آئے گی۔
علاوہ ازیں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کی ٹرافی کی رونمائی بھی کردی گئی، دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اورنیوزی لینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز کا آغاز ہفتہ کے روز 29 مارچ سے ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے میچ نیپیئر میں پاکستانی وقت کے مطابق رات 3 بجے شروع ہو گا۔