
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کی جونیئر ٹینس ٹیم نے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہ کر ثابت کیا کہ ان میں عالمی سطح پر کھیلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
ٹورنامنٹ کے آخری دن پاکستانی کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کیخلاف فیصلہ کن میچ میں کامیابی حاصل کی۔ اس فتح کے بعد پاکستان نے ITF ایشیا/اوشیانا ڈیوس کپ جونیئرز کوالیفائنگ ایونٹ کیلئے کوالیفائی کر لیا ہے، جو 19-24 مئی 2025 کو قازقستان میں کھیلا جائے گا۔ اس ایونٹ میں ایشیا اور اوشیانا کی ٹاپ 16 ٹیمیں عالمی گروپ میں جگہ کیلئے مقابلہ کریں گی۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن (PTF) کے صدر اعصام الحق نے ٹیم کو اس تاریخی فتح پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ پاکستان کیلئے انتہائی فخر کا ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں میکائیل علی بیگ، ابوبکر طلحہ اور حمزہ رومان کے ساتھ ساتھ کپتان شہزاد خان کی محنت اور عزم کی تعریف کی۔
اعصام الحق نے مزید کہا کہ پاکستانی ٹیم 2023 میں 16 میں سے 16 ویں اور 2024 میں 16 میں سے 5 ویں نمبر پر رہی، جبکہ اس سال چیمپئن شپ جیت کر پاکستان نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کیا ہے۔