
پاکستان سپر لیگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) سلمان نصیر نے تصدیق کی ہے کہ 2026 میں ہونیوالی لیگ میں 6 کی بجائے 8 ٹیمیں شریک ہوں گی، رواں سال کے آخر تک ہم پاکستان سپر لیگ میں شائقین کا جوش و خروش بڑھانے کیلئے دو مزید ٹیمیں شامل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ اس وقت شروع ہوئی جب پاکستان میں دہشت گردی کی وجہ سے کرکٹ نہیں ہو رہی تھی اور کوئی بھی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہیں آنا چاہتا تھا۔
سلمان نصیر نے کہا کہ آئندہ برس 2026 میں پاکستان سپر لیگ کے گیارویں ایڈیشن میں نئے ایونٹس شامل کئے جائیں گے جن میں ٹرافی ٹورنامنٹ شروع ہونے سے پہلے پاکستان کے تمام شہروں کے علاوہ چھوٹے شہروں کا بھی ٹور کرے گی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے کہ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے پاکستان سپر لیگ ملکی کرکٹ میں مزید رنگ بھرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت پاکستان سپر لیگ میں 6 ٹیمیں شریک ہو رہی ہیں، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ، پشاور زلمی، اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز پی ایس ایل کی فرنچائزز ہیں تاہم دو نئی ٹیمیں کون سی ہوں گی اس حوالے سے مزید کوئی تفصیل سامنے نہیں آسکی۔