شعیب اختر کا افغانستان ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کی خواہش کا اظہار
Shoaib Akhtar former Pakistani cricketer
لاہور: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے افغانستان ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی خواہش ظاہر کردی۔

اپنے ایک ویڈیو پیغا م میں راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا کہنا تھا کہ افغانستان ٹیم نے آج انگلینڈ کیخلاف زبردست کرکٹ کھیلی، افغان بلے بازوں نے انگلش باؤلرز کو دھو ڈالا، میچ دیکھنے کا مزہ آگیا ہے۔

انہوں نے کہا افغان بلے باز ابراہیم زدران کا شاندار پرفارمنس پر شاباش دیتے ہوئے کہا کہ زدران نے بہت اچھا کھیل پیش کیا ہے، دل خوش کردیا، میں چاہتا تھا پاکستان، ہندوستان اور افغانستان سیمی فائنل کھیلیں۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہماری ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے، اب میری خواہش ہے کہ افغانستان سیمی فائنل کھیلے بلکہ اس سے بھی آگے جائے۔

سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ دیکھا کیا کوشش کی ہے افغانستان نے، ابھی انہوں نے کرکٹ کھیلنا شروع کی ہے کیا انکا جذبہ ہے، وہ ملک کیلئے جذبے کیساتھ کھیلتے ہیں،مجھے یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی کیا خوبصورت شارٹس کھیلتے ہیں، ہمارے کھلاڑیوں کو بھی ان سے سیکھنا چاہیے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ مجھے پختون لوگ بہت پسند ہیں، میری دلی خواہش ہے افغانستان ہرصورت چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں پہنچے، میری تمام خواہشات افغانستان ٹیم کیساتھ ہیں۔