
تفصیلات کے مطابق ایک سوشل میڈیا پیج نے مختلف ممالک کے 12 کرکٹرز کے بارے میں ایک فہرست جاری کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کھلاڑی طلاق یافتہ ہیں۔ اس فہرست میں وسیم اکرم اور بھارتی کرکٹر انیل کمبلے کے نام بھی شامل تھے، حالانکہ دونوں نے طلاق نہیں لی۔
سوشل میڈیا کی اس پوسٹ نے شنیرا اکرم کی توجہ فوراً حاصل کی، اور انہوں نے اس جھوٹی معلومات پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
شنیرا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس پوسٹ کو ری شیئر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ ہر چیز کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لکھتے ہیں اور انہیں درست اور قابلِ اعتماد معلومات کا کوئی علم نہیں۔
انہوں نے اس جھوٹ پر مبنی خبر کو شیئر کرنے والوں سے اپیل کی کہ وہ خبروں کو شیئر کرنے سے پہلے ان کی تصدیق کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جھوٹی خبریں پھیلانا نہ صرف غلط ہے بلکہ اس سے عوامی شخصیات کی ذاتی زندگی کو نقصان پہنچتا ہے، اور اس کے لیے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ضروری ہے۔
ذہن نشین رہے کہ وسیم اکرم نے 1993 میں ہما مفتی سے پسند کی شادی کی تھی، جو 2009 میں علالت کے باعث انتقال کر گئیں۔ اس کے بعد 2013 میں وسیم اکرم نے آسٹریلوی نژاد شنیرا اکرم سے شادی کی، جن سے ان کی ایک بیٹی عائلہ ہے، جو 2014 میں پیدا ہوئی۔
علاوہ ازیں بھارتی کرکٹر انیل کمبلے نے 1999 میں چیتنا رامتیرتھا سے پسند کی شادی کی تھی، اور ان کے دو بچے ہیں، بیٹا مایاس کمبلے اور بیٹی سواستی کمبلے، جبکہ انہوں نے سوتیلی بیٹی ارونی کو بھی گود لیا ہے۔