چیمپئنز ٹرافی: سٹیڈیم میں داخل ہونیوالے تماشائی کو ریلیف مل گیا
Bangladesh, Newzealand, spectator in stadium
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بنگلا دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونیوالے میچ کے دوران سٹیڈیم میں داخل ہونیوالے تماشائی کو ریلیف مل گیا۔

گزشتہ روز سٹیڈیم میں داخل ہونیوالے تماشائی عبدالقیوم صدیقی کو سول جج عمران قریشی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے مؤقف اپنایا کہ ملزم نے سخت سکیورٹی حصار توڑ کر قانون شکنی کی ہے جیل بھیجا جائے جس پر عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کی تفتیشی افسر کی درخواست مسترد کر دی۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات قابل ضمانت ہیں، ملزم عبدالقیوم کو 50 ہزار روپے ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر رہا کیا جائے،اگر ملزم مچلکے داخل نہیں کراتا تو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے۔

بعدازاں عدالت نے پولیس کو ملزم کیخلاف آئندہ سماعت پر چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 مارچ تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے میچ کے دوران تماشائی سکیورٹی حصار توڑ کر سٹیڈیم کے اندر داخل ہو گیا تھا، تماشائی کی اس حرکت پر سکیورٹی اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں ۔

عبدالقیوم نے سٹیڈیم کے اندر کریز پر موجود کیوی بلے باز کو گلے لگا لیا تھا جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے نوجوان کو پکڑ کر پوچھ گچھ  کی اور مزید تفتیش کیلئے تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کردیا تھا۔