دفاعی چیمپئن پاکستان کا چیمپئنز ٹرافی میں سفر اختتام پذیر
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مسلسل 2 شکستوں کے بعد دفاعی چیمپئن پاکستان کا سفر شروع ہوتے ہی اختتام پذیر ہوگیا
پاکستان کرکٹ ٹیم/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مسلسل 2 شکستوں کے بعد دفاعی چیمپئن پاکستان کا سفر شروع ہوتے ہی اختتام پذیر ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی تمام امیدیں دم توڑ گئیں جبکہ پاکستان کے ساتھ بنگلادیش بھی چیمپئنز ٹرافی کے اگلے مرحلے سے باہر ہوگیا۔

گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں، گزشتہ روز بھارت نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

پاکستان نے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ایونٹ کا پہلا میچ کھیلا تھا جس میں قومی ٹیم کو 60 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔  پاکستان نے گروپ کا دوسرا میچ گزشتہ روز بھارت کے خلاف دبئی اسٹیڈیم میں کھیلا، جس میں ویرات کوہلی کی شاندار بیٹنگ کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے باآسانی شکست دی۔