
بھارت کے ہاتھوں پاکستان کی بدترین شکست پر ایک ٹی وی پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ دو سال سے وائٹ بال کرکٹ میں مسلسل شکستوں کا سامنا کر رہے ہیں، اب بڑے فیصلوں کا وقت آگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ٹیلنٹ کو ٹیم میں لانا ہو گا، چاہے ٹیم سے بڑے ناموں کو تبدیل کرنا پڑے وہ بھی کریں، چاہے وہ ٹیم ہارے لیکن اس کو سپورٹ کریں، 2026 کے ورلڈ کپ کی تیاری کریں، بس بہت ہو گیا، ان موجودہ کھلاڑیوں بہت مواقع دے دیئے۔
وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ ون ڈے میچز میں پاکستانی باؤلرز نے صرف 24 وکٹیں لی ہیں، چیئرمین پی سی بی کو چاہیے واپس آکر سلیکشن کمیٹی ، کپتان اور کوچ کو بلائیں، ان سے پوچھیں یہ کیا سلیکشن کی ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ سلیکشن میں ناکامی کا ذمہ دار کپتان بھی ہے، افسوس کا مقام ہے کہ کپتان سمجھ ہی نہیں سکا اسے کونسے میچ ونر کھلاڑی چاہئیں۔