پاکستان چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟
چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مسلسل دو میچ ہارنے کے باوجود پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ابھی باقی ہیں
پاکستان کرکٹ ٹیم/ فائل فوٹو
دبئی: (ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی 2025 میں مسلسل دو میچ ہارنے کے باوجود پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات ابھی باقی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے ہائی وولٹیج میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ ویرات کوہلی نے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی پہلی سنچری سکور کی اور 42.3 اوورز میں 242 رنز کا ہدف حاصل کر لیا، اس شکست کے بعد پاکستان کی ٹیم گروپ اے میں دو میچ کھیل کر صفر پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

اگرچہ پاکستان اب تک ٹورنامنٹ کے دونوں میچز ہار چکا ہے لیکن سیمی فائنل میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر نہیں ہوا۔ اگر پیر کے روز راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں بنگلہ دیش نیوزی لینڈ کو شکست دے دے، تو پاکستان کی سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں برقرار رہیں گی۔ اس کے بعد پاکستان کو جمعرات 27 فروری کو راولپنڈی میں بنگلہ دیش کے خلاف جیتنا ہوگا اور بھارت کو اتوار 2 مارچ کو دبئی میں نیوزی لینڈ کو شکست دینا ہوگا۔

اس صورتحال میں بھارت 6 پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں سرفہرست ہوگا، جبکہ پاکستان، بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے دو، دو پوائنٹس ہوں گے۔ اگر تینوں ٹیموں کے پوائنٹس برابر ہو جاتے ہیں تو پھر بہتر نیٹ رن ریٹ والی ٹیم گروپ میں دوسرے نمبر پر آ کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی، جس کا مطلب ہے کہ پاکستان کے پاس ایک موقع رہے گا۔

تاہم اگر نیوزی لینڈ پیر کو بنگلہ دیش کو شکست دے دیتا ہے تو پاکستان اور بنگلہ دیش دونوں چیمپئنز ٹرافی 2025 سے باہر ہو جائیں گے۔ اسی طرح اگر نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوتا ہے، تب بھی پاکستان کا سفر یہیں ختم ہو جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اس وقت بطور دفاعی چیمپین یہ ٹورنامنٹ کھیل رہا ہے۔  چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں آج تک صرف ایک ٹیم نے اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا ہے۔ یہ کارنامہ آسٹریلیا نے انجام دیا تھا، جس نے 2006 میں رکی پونٹنگ کی قیادت میں چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اور پھر 2009 میں ایک بار پھر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔