شاہین نے بھارت کی پہلی وکٹ گرا دی
Babar Azam and Rohit Sharma
فائل فوٹو
دبئی:(ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی 2025 کے بڑے مقابلے میں بھارت نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کر دیا ہے اور اب تک ایک وکٹ کے نقصان پر 31 رنز بنا لیئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کے مطابق بھارت کی جانب سے روہت شرما اور شبمن گل نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا، مگر شاہین شاہ آفریدی نے یارکر مارتے ہوئے روہت شرما کو 20 رنز پر بولڈ کر کے پویلین بھیج دیا۔

پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 242 رنز کا ہدف دے دیا ہے، پاکستانی بلے باز 49.4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سعود شکیل 62 رنز بنا کر پانڈیا کی گیند اور محمد رضوان 46 رنز پر اکشر پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

پاکستانی اوپنرز امام الحق 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے، بابر اعظم 23 رنز پر پانڈیا کی گیند پر راہول کے ہاتھوں کیچ ہوئے، سلمان آغا 19 جبکہ شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، طیب طاہر 4، نسیم شاہ 14، حارث رؤف 8 رنز بنا کر پولین واپس لوٹے، خوشدل 38 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے۔

 

دوسری جانب بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، ہرشت رانا، اکشر پٹیل اور رویندرا جڈیجا نے ایک ایک شکار کیا۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابراعظم ، امام الحق ، سعود شکیل ، محمد رضوان، آغا سلمان، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد ، نسیم شاہ ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔

خیال رہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں آج پاک بھارت ٹاکرا دبئی میں شیڈول ہے، شیڈول ایونٹ کے ہائی والٹیج میچ میں روایتی حریف مدِ مقابل ہیں۔ میچ کا آغاز دوپہر 2 بجے ہوا،جس دیکھنے کیلئے پوری دنیا کے شائقینِ کرکٹ بے تاب ہیں۔

ذہن نشین رہے کہ دونوں ٹیموں کا یہ اس ٹورنامنٹ میں دوسرا میچ ہے، پاکستانی ٹیم کو پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے شکست دی تھی جبکہ بھارت نے اپنا پہلا میچ بنگلادیش کیخلاف اپنے نام کر لیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت ماضی میں 5 مرتبہ  چیمپئنز ٹرافی میں ایک دوسرے کے مقابل آچکے ہیں ، جس میں اب تک کا پاکستان کا پلڑا بھاری ہے ، تاہم حال میں دبئی میں کھیلے جانے والا میچ بتائے گا کہ آیا پاکستان کا پلڑا بھاری رہتا ہے یا نہیں ؟

2004ء میں برمنگھم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بھارت 3 وکٹوں سے شکست دی ، 2009ء میں سنچورین میں کھیلے جانے والے میچ میں 54 رنز سے فتح حاصل کی ، جبکہ 2013ء میں کھیلے گئے میچ میں جو کہ برمنگھم میں ہوا تھا ، اس میچ میں بھارت نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی ۔

مزید ایک دفعہ پھر 2017ء جب برمنگھم میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ ہوا تو پاکستان کو شکست حاصل ہوئی اور بھارت کا پلڑا بھاری رہا،  تاہم 2017ء میں چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے شکست دی اور ٹورنامنٹ جیت لیا ۔

ایک انٹرویو میں قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر نے پاکستانی ٹیم کی حالیہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ جیسی بڑی ٹیموں کے خلاف فتوحات پاکستان کی صلاحیتوں کا مظہر ہے ۔

نیز محمد عامر نے کہا کہ  بھارت پر پاکستان کا پلڑا بھاری رہے گا ۔ 

دوسری جانب آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی میں پاک بھارت گروپ میچ کیلئے کوئی بھی ریزرو ڈے نہیں رکھا گیا ہے، جبکہ یہ میچ پاکستان کیلئے کرو یا مرو کی صورتحال اختیار کرچکا ہے، اگر گرین شرٹس کو شکست ہوئی تو ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوسکتی ہے، جبکہ جیت پاکستان کی سیمی فائنل کھیلنے کی امیدوں کو برقرار رکھے گی۔

دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کھلاڑیوں کا مورال بڑھانے کیلئے دبئی پہنچ چکے ہیں جہاں انہوں نے ٹیم کے کھلاڑیوں اور ٹیم منیجمنٹ سے ملاقات کی اور بھارت کو شکست دینے کی حکمت عملی تیار کی۔

ادھر پاک بھارت ہائی ولٹیج مقابلے کیلئے کراچی، اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں بڑی اسکرینز نصب کر دی گئی ہیں۔