چیمپئنز ٹرافی:پاکستان ہائبرڈ ماڈل پر ٹورنامنٹ کیلئے تیار؟
November, 30 2024
لاہور:(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئندہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل کو مشروط طور پر قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، تاہم اس کے ساتھ بعض شرائط رکھی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ اگر بھارت پاکستان میں کھیلنے سے انکار کرتا ہے تو پاکستان کے لیے بھی آئندہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں یہی ہائبرڈ ماڈل لاگو کیا جائے گا۔
شرائط کی تفصیلات:
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر بھارت کے میچز پاکستان میں نہیں کھیلے جا سکتے تو سیمی فائنل اور فائنل جیسے اہم میچز بھی پاکستان میں ہی ہوں گے، بشرطیکہ بھارت ان میچز تک نہ پہنچے۔
مزید برآں، پی سی بی نے کہا ہے کہ اگر میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں منعقد ہوں گے تو ان سے حاصل ہونے والی گیٹ منی کا ایک حصہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دیا جائے گا۔
ہائبرڈ ماڈل نہ ماننے کا امکان:
پی سی بی کے ذرائع کے مطابق اگر پاکستان کی یہ شرائط تسلیم نہیں کی گئیں تو پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں کرے گا۔
پی سی بی کا مؤقف ہے کہ آئی سی سی کو ایک منصفانہ اور متوازن حل نکالنا ہوگا تاکہ تمام رکن ممالک کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ تعلقات کشیدہ ہیں، اور یہ دیکھنا باقی ہے کہ آئی سی سی اس صورتحال کو کیسے سنبھالتا ہے۔
ضرور پڑھیں