بھارتی سیاستدان ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے پر برہم
ٰIndian politician Teja Shivi Yadav
لاہور: (سنو نیوز) بھارتی سیاستدان تیجا شوی یادیو بھی چیمپئنز ٹرافی کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کے حق میں بول پڑے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادیو کے بیٹے اور سیاستدان تیجاشوی یادیو نے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں میں سیاست کو شامل کرنا مناسب عمل نہیں ہے۔

بھارتی سیاستدان تیجاشوی یادیو کا کہنا ہے کہ کیا اولمپکس میں ہر کوئی ایک دوسرے سے مقابلہ نہیں کرتا؟ بھارتی  ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کیوں نہیں جا سکتی۔

تیجاشوی یادیو نے سوال اٹھایا کہ ’جب نریندر مودی بریانی کھانے لاہور جا سکتے تو کرکٹ ٹیم کے جانے میں کیا حرج ہے؟

دوسری جانب چیمپئنز ٹرافی کے کامیاب انتعقاد کے لئے آئی سی سی نے آج اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان اور بھارت سمیت دیگر کرکٹ بورڈز اور آئی سی سی حکام نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انتعقاد یا ہائبرڈ ماڈل دونوں میں سے کسی پر بھی اتفاق نہیں ہو سکا، بھارت بدستور پاکستان آنے سے انکار کرتا رہا اور پاکستان بھی اپنے مؤقف پر قائم رہا۔

اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی کے دیگر پہلو بھی زیر غور لائے گئے ، فنانشل امور پر خصوصی توجہ دی گئی، اجلاس بغیر کسی نتیجے کے کل تک ملتوی کر دیا گیا۔

خیال رہے کہ براڈکاسٹرز اور سپونسرز کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی کا تاحال شیڈول جاری نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور زور دیا جا رہا ہے کہ تنازعات کا جلد سے جلد حل نکال کر شیڈول کا حتمی اعلان کیا جائے۔

واضح رہے کہ تیجاشوی یادیو سینئر بھارتی سیاستدان لالو پرساد یادیو کے چھوٹے بیٹے ہیں جو ریاست بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر رہ چکے ہیں۔یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے اور آئی سی سی ٹورنامنٹ کے لیے 100 روز قبل شیڈول کا اعلان کرنا ضروری ہوتا ہے تاہم بھارت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے ٹورنامنٹ میں 90 روز باقی رہنے کے باوجود آئی سی سی نے تاحال چیمئنز ٹرافی کا شیڈول جاری نہیں کیا۔