کرکٹر عبدالرزاق کے گھرڈاکا، ارب پتی چور گرفتار
November, 9 2024
لاہور: (سنو نیوز) پاکستانی کرکٹر عبدالرزاق کے گھر سے چوری کی واردات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں ارب پتی چور بلال کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔
بلال نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا ہے کہ اس نے گیارہ برس قبل عبدالرزاق کے گھر سے لاکھوں روپے اور دیگر قیمتی اشیاء چوری کی تھیں۔
بلال کے مطابق اسے واردات کے دوران یہ معلوم نہیں تھا کہ وہ ایک قومی ہیرو کے گھر میں نقب لگا رہا ہے۔
اربوں روپے کی چوریاں :
پولیس ذرائع کے مطابق بلال نے لاہور کے پوش علاقوں میں چوریوں کا ایک وسیع سلسلہ چلایا ہے، جس میں اس نے اربوں روپے مالیت کی وارداتیں کی ہیں۔
عبدالرزاق کے گھر سے چوری میں 88 لاکھ روپے نقد، امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈز اور پاسپورٹ چوری ہوئے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق بلال نے اعتراف کیا کہ وہ پوش علاقوں میں وارداتیں کرتا رہا ہے۔
چور کی معذرت، عبدالرزاق کو ہیرو قرار:
پولیس تفتیش کے دوران بلال نے کہا کہ اسے علم نہیں تھا کہ جس گھر میں وہ چوری کر رہا ہے، وہ قومی کرکٹر عبدالرزاق کا ہے۔ بلال نے عبدالرزاق سے معذرت کرتے ہوئے انہیں قومی ہیرو قرار دیا اور کہا کہ اگر اسے علم ہوتا تو وہ کبھی بھی وہاں چوری نہ کرتا۔
پولیس کا ریکوری کے لیے بلال کے بھائی پر چھاپے:
پولیس نے بلال سے اربوں روپے کی ریکوری کے لیے اس کے بھائی کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ بلال نے اعتراف کیا کہ گزشتہ پندرہ برس میں یہ پہلا موقع ہے جب اسے پولیس نے گرفتار کیا ہے۔
پندرہ برسوں سے جاری چوریوں کا سلسلہ اختتام پذیر؟
پولیس حکام کے مطابق بلال کی گرفتاری سے شہر میں نقب زنی کی وارداتوں میں ممکنہ کمی آ سکتی ہے، کیونکہ اس کی گرفتاری سے پوش علاقوں میں ہونے والی بڑی چوریاں رکنے کا امکان ہے۔