محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ فخر زمان کو سینٹرل کنٹریکٹ نہ دینے کے پیچھے ان کی فٹنس کے مسائل شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فخر زمان کا سوشل میڈیا استعمال بھی ایک مسئلہ ہے،یہ نہیں ہو سکتا کہ کھلاڑی اٹھ کر ٹویٹ کرنا شروع کر دیں۔
یاد رہے کہ فخر زمان نے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری دو میچز سے ڈراپ کیے جانے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بابر کی حمایت میں ایک پیغام جاری کیا تھا۔اس ٹوئٹ پر پی سی بی نے انہیں شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔فخر زمان کا یہ اقدام پی سی بی کی نظر میں کھلاڑیوں کیلئے مقررہ ضابطوں کی خلاف ورزی سمجھا گیا۔
واضح رہے کہ آج دورہ آسٹریلیا کیلئے پاکستانی اسکواڈ کا اعلان بھی کیا گیا ہے، منتخب کردہ ون ڈے سکواڈ میں بابر اعظم، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، صائم ایوب، سلمان علی آغا، اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، ان کے علاوہ عامر جمال، عرفات منہاس، فیصل اکرم، حارث رؤف، کامران غلام، اور محمد حسنین بھی ٹیم کا حصہ ہیں، حسیب اللہ، محمد عرفان خان، اور نسیم شاہ بھی اس سکواڈ میں شامل ہیں، یہ سلیکشن ان کھلاڑیوں کی حالیہ کارکردگی کی عکاسی کرتا ہے۔
دورہ آسٹریلیا کے لئے ٹی ٹوئنٹی سکواڈ کی بات کریں تو اس میں بابر اعظم، عرفات منہاس، حارث رؤف، حسیب اللہ، اور جہانداد خان شامل ہیں، مزید برآں عباس آفریدی، محمد رضوان، محمد عرفان خان، نسیم شاہ اور عمیر بن یوسف بھی اس اسکواڈ میں موجود ہیں، ان کے علاوہ صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، صائم ایوب، سفیان مقیم اور عثمان خان بھی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔