ایک اور اہم عہدہ محسن نقوی کے نام
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل کے نئے صدر بننے کے لیے تیار ہیں۔

فی الحال اے سی سی کے صدر جے شاہ ہیں جو بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری بھی ہیں۔ جے شاہ کو جنوری 2024 میں اے سی سی کے سربراہ کے طور پر ان کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع دی گئی تھی۔

جیسا کہ اے سی سی کے صدر کا تقرر رکن ممالک کے درمیان روٹیشن پر مبنی پالیسی پر ہوتا ہے، محسن نقوی جنوری 2025 میں جے شاہ کی جگہ لیں گے اور ان کی مدت دو سال تک جاری رہے گی۔

محسن نقوی پہلے ہی پی سی بی کے چیئرمین اور پاکستان کے وزیر داخلہ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ اے سی سی کے صدر کے طور پر باضابطہ طور پر تعینات ہونے کے بعد وہ تین اہم کرداروں کی نگرانی کریں گے۔

محسن نقوی کی صدارت کی تصدیق کرنے والا باضابطہ اعلان اکتوبر،نومبر میں ہونے والی اے سی سی کی اگلی میٹنگ میں متوقع ہے۔

آج محسن نقوی نے ٹیم کے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں شیئر کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ انتظامی معاملات پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں گے۔

پی سی بی کے سربراہ کرکٹ کے معاملات یونس خان کو سونپیں گے کیونکہ ان کا خیال ہے کہ کرکٹ سے متعلق معاملات کی ذمہ داری ایک کرکٹر کو ہونی چاہیے۔

انٹرنیشنل، ڈومیسٹک کرکٹ، سلیکشن کمیٹی اور کھلاڑیوں کے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹس (این او سی) سے متعلق فیصلوں کی نگرانی یونس خان کریں گے۔

محسن نقوی کی بنیادی توجہ آئندہ 2025 چیمپئنز ٹرافی کے انتظامی امور کی دیکھ بھال پر ہوگی، جس کی میزبانی پاکستان اگلے سال فروری اور مارچ کے درمیان کرنے والا ہے۔

پی سی بی کے آئین 2014 کے مطابق بورڈ کے چیئرمین کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ اپنا اختیار کسی کو دے سکتا ہے اور اسی طرح یونس خان کو ٹیم سے متعلق تمام فیصلے کرنے کا اختیار دیا جائے گا۔ محسن نقوی کا وژن کرکٹ کے اہم پہلوؤں میں سینئر کرکٹرز کو شامل کرنا ہے۔