بجلی صارفین کو ایک بار پھر بڑا جھٹکا
تفصیلات کے مطابق وزارت پاور ڈویژن نے کابینہ کی منظوری کے بعد اکتوبر سے دسمبر تک کے فیول چارجز کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیلئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کرلیا ہے۔
درخواست میں بجلی کے فی یونٹ نرخوں میں 3 روپے 4 پیسے اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ نیپرا اس درخواست پر 2 دسمبر کو سماعت کرے گا، جہاں متعلقہ حکام اضافے کی وجوہات اور تفصیلات پیش کریں گے۔
اگر نیپرا کی جانب سے درخواست منظور کرلی جاتی ہے تو اضافی رقم دسمبر سے فروری تک بجلی صارفین سے وصول کی جائے گی، جس کے نتیجے میں آئندہ تین ماہ کے بجلی بلوں میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
مجوزہ اضافے کے باعث گھریلو، تجارتی اور دیگر صارفین کو بجلی کے بلوں میں اضافی ادائیگیاں کرنا پڑسکتی ہیں، جبکہ پہلے سے مہنگائی اور مختلف ٹیکسوں کا سامنا کرنے والے صارفین کیلئے یہ فیصلہ مزید مشکلات پیدا کرسکتا ہے۔
حکومتی درخواست کی منظوری کے بعد بجلی صارفین پر مجموعی مالی اثرات سامنے آئیں گے، جبکہ نیپرا کی سماعت کے بعد اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔