خیبرپختونخوا: مختلف جماعتوں کے اہم رہنما (ق) لیگ میں شامل
نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کا تعلق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری سالک حسین سے ملاقات کے دوران مختلف سیاسی شخصیات نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر سیاسی صورتحال اور خیبر پختونخوا میں پارٹی کی تنظیم سازی کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے حاجی رشید خان کنڈی اور لقمان یاسین نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کی، جبکہ تحریک انصاف کے شیر عالم خان مسعود اور آصف کنڈی ایڈووکیٹ بھی پارٹی کا حصہ بن گئے۔
اسی طرح مسلم لیگ (ن) کے قیصر ندیم ایڈووکیٹ اور شہزاد ملنگی جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے عمر معاویہ نے بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ضلع پہاڑپور کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت مخدوم زادہ سید مرید حیدر شاہ بخاری نے بھی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی۔
چوہدری سالک حسین نے پارٹی میں شامل ہونے والے تمام رہنماؤں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جماعت میں مؤثر کردار دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) کو ملک بھر میں منظم اور فعال سیاسی قوت بنایا جائے گا، خیبر پختونخوا میں امن کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے اور معاشی ترقی کیلئے تمام سیاسی قوتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت سے معاہدہ ہوگیا، پیٹرول سبسڈی ملے گی: نعیم الرحمان
سیاسی مبصرین کی نظر میں مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی مسلم لیگ (ق) میں شمولیت خیبر پختونخوا میں پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔