برطانوی دور کی آخری پنشن یافتہ خاتون انتقال کر گئیں
ان کے انتقال کے ساتھ ہی برطانوی حکومت کے دور سے پنشن وصول کرنے والی ایک منفرد تاریخی داستان بھی اختتام پذیر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جنت خاتون قائم خانی کا تعلق سندھ کے شہر جھڈو سے تھا۔ انہیں برطانوی حکومت کی جانب سے پنشن وصول کرنے والی آخری زندہ خاتون تصور کیا جاتا تھا۔ وہ کئی دہائیوں تک اپنے شوہر کی سرکاری ملازمت کے باعث ملنے والی پنشن وصول کرتی رہیں۔
جنت خاتون کے شوہر عبدالشكور قائم خانی پنجاب ہارس رجمنٹ میں سپاہی کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے تھے، تاہم دورانِ ملازمت ان کا انتقال ہوگیا تھا۔ شوہر کی وفات کے بعد برطانوی حکومت کی جانب سے ان کی 80 ہزار روپے سے زائد پنشن جنت خاتون کے نام منتقل کردی گئی تھی۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جنت خاتون کئی دہائیوں تک اقوام متحدہ (یو این) کے ذریعے یہ پنشن وصول کرتی رہیں۔ ان کی پنشن کا سلسلہ برطانوی دورِ حکومت سے شروع ہوا تھا اور طویل عرصے تک جاری رہا۔
جنت خاتون قائم خانی 1919ء میں بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع جھنجھنو میں پیدا ہوئی تھیں۔ بعد ازاں وہ سندھ کے شہر جھڈو میں آباد ہوگئیں، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ گزارا۔
وہ جھڈو ٹاؤن کمیٹی کے سابق وائس چیئرمین عمر دراز قائم خانی کی والدہ بھی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات سے بھری گاڑی حادثے کا شکار، 31 افراد جاں بحق
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد علاقے میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ 107 سالہ زندگی گزارنے والی جنت خاتون کا نام برطانوی دور سے منسلک ایک منفرد تاریخی حوالے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔