خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کون ہیں؟
اس کامیابی کے ساتھ انہیں چین کے انسان بردار خلائی پروگرام میں شامل ہونے والے پہلے غیر ملکی خلا باز کا اعزاز بھی حاصل ہوگا۔
محمد ذیشان علی کون ہیں؟
گروپ کیپٹن محمد ذیشان علی پاکستان فضائیہ کے تجربہ کار فوجی پائلٹ ہیں، اپریل 2026 میں پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو اور چین کے خلائی ادارے کے اشتراک سے انہیں خرم داؤد کے ہمراہ خلائی تربیت کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔
ذیشان علی نے چین میں سات ماہ کی خصوصی تربیت حاصل کی، جس کے دوران انہیں خلائی جہاز کے آپریشنز، سائنسی تحقیق، ہنگامی حالات سے نمٹنے اور جسمانی استعداد بہتر بنانے کی تربیت دی گئی۔ ان کے مطابق تربیت کے دوران چینی زبان سیکھنا سب سے بڑا چیلنج ثابت ہوا۔
خلائی مشن میں کیا ذمہ داریاں ہوں گی؟
مشن کے دوران محمد ذیشان علی چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر تقریباً ایک ہفتہ قیام کریں گے۔ اس دوران وہ مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
پاکستان سے موصول ہونے والی 300 سے زائد تحقیقی تجاویز میں سے چار منصوبوں کو اس مشن کیلئے منتخب کیا گیا ہے، جو پاکستان کی سائنسی ترقی اور خلائی تحقیق کیلئے اہم پیش رفت قرار دیے جا رہے ہیں۔
پاکستان کے لیے یہ مشن کیوں اہم ہے؟
پاکستانی خلا باز نمیرہ سلیم 2023 میں خلا کا سفر کرنے والی پہلی پاکستانی تھیں، تاہم محمد ذیشان علی کی کامیابی اس حوالے سے منفرد ہوگی کہ وہ زمین کے مدار میں داخل ہونے اور خلائی اسٹیشن تک پہنچنے والے پہلے پاکستانی بنیں گے۔
یہ مشن پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے پاکستانی سائنس دانوں اور محققین کو بین الاقوامی سطح پر سائنسی تجربات اور تحقیق کے نئے مواقع بھی میسر آئیں گے۔
محمد ذیشان علی کا کہنا ہے کہ وہ اس مشن پر صرف اپنی ذات کیلئے نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اور خواب لے کر جا رہے ہیں۔
ان کی ممکنہ خلائی پرواز کو پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس سے نوجوان نسل کو سائنس، ٹیکنالوجی اور خلائی تحقیق کے شعبوں میں آگے بڑھنے کا حوصلہ ملے گا۔