خشک سالی متاثرین کو 8 ہزار روپے دینے کی منظوری
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت تھرپارکر اور عمرکوٹ میں خشک سالی کی صورتحال اور امدادی پیکج سے متعلق اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
جس میں مشیرِ ماحولیات، معاونِ خصوصی برائے انسانی حقوق، چیف سیکریٹری اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے خشک سالی متاثرین کے لیے 5 ارب 30 کروڑ روپے کے امدادی پیکج پر فوری عملدرآمد کی باضابطہ منظوری دے دی۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے متاثرین کو فوری ریلیف پہنچانے کے لیے نقد رقم دینے کی منظوری دی، جس کے تحت ہر مستحق خاندان کو مجموعی طور پر 8 ہزار روپے تین قسطوں میں فراہم کیے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق امداد کی پہلی قسط یکم دسمبر، دوسری یکم جنوری جبکہ تیسری قسط یکم فروری کو جاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: سموگ کے باعث تعلیمی بند کرنے کی تجویز
اجلاس میں تھرپارکر کو آفت زدہ قرار دینے کی تجویز پیش کی گئی، تاہم تحصیل کالوئی کے 9 نہری دیہات کو اس سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے، جبکہ عمرکوٹ کے صحرائی علاقوں کے 25 دیہات کو مجوزہ آفت زدہ علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔
مزید برآں گزشتہ خشک سالی کی طرح اس بار بھی متاثرین کو رعایتی یا مفت گندم اور غذائی امداد فراہم کرنے کی تجویز زیرِ غور آئی، جبکہ محکمہ خوراک کو گندم کی فراہمی پر فی من 2 ہزار روپے اضافی امداد دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مویشی پال اور بارانی کاشتکار خاندانوں کو خشک سالی کے منفی اثرات سے بچانا بے حد ضروری ہے، اس سلسلے میں کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4 ہزار روپے ڈی اے پی کھاد سبسڈی دینے کا بھی اعلان کیا گیا۔
مراد علی شاہ نے چیف سیکریٹری کو متعلقہ محکموں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے قریبی رابطہ رکھنے کی ہدایت کی، تاکہ امدادی فہرستوں کی بی آئی ایس پی ڈیٹا سے تصدیق ہو سکے اور دہرا اندراج یا تاخیر روکی جا سکے۔
انہوں نے منتخب نمائندوں کو بھی مستحق خاندانوں کی نشاندہی اور امدادی عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ امداد کی شفاف، منصفانہ تقسیم اور نچلی سطح تک فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔