عمران خان کی صحت پر سیاست نہ کی جائے، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق پارٹی کو شدید تحفظات ہیں۔ سپریم کورٹ کا بھی حکم ہے کہ ان کا علاج شفا انٹرنیشنل اسپتال میں کرایا جائے اور اس مقصد کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی فیملی اور ذاتی معالج سے ملاقات بھی عدالتی احکامات کا حصہ ہے، جب تک اس پورے عمل پر عمل درآمد نہیں ہوتا، ان کے تحفظات دور نہیں ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ عمران خان سابق وزیراعظم، ملک کے بڑے سیاسی رہنما اور ایک قیدی ہیں، اس لیے انہیں علاج معالجے اور ملاقاتوں کے تمام قانونی حقوق ملنے چاہئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے ملاقات ہونی چاہیے، تاہم یہ الگ معاملہ ہے۔ عمران خان کی بہنوں، دیگر اہل خانہ اور وکلا کو بھی ان سے ملاقات کی اجازت ملنی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور میں کل آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، پارٹی کے دیگر وکلا جیل میں ملاقات کیلئے بھی جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:بلاول گورنر راج کے حق میں ووٹ نہ دیں: تحریک انصاف
بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ عمران خان کا ایکس اکاؤنٹ پارٹی کا اکاؤنٹ نہیں ہے، سلمان اکرم راجہ پہلے ہی عدالت کو اس حوالے سے آگاہ کر چکے ہیں اور آئندہ سماعت پر دوبارہ وضاحت پیش کردی جائے گی۔