نوجوانوں کیلئے ہزاروں نوکریوں کا اعلان
وفاقی حکومت نے مختلف وزارتوں اور ان کے ماتحت اداروں میں 5 ہزار ملازمتیں مختص کرتے ہوئے بھرتیوں کا عمل شروع کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے نوجوانوں کو وفاقی اداروں میں روزگار فراہم کرنے کیلئے خصوصی بھرتیوں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی دلچسپی اور کاوشوں سے اس منصوبے کو عملی شکل دی جا رہی ہے، جس کے تحت 13 وفاقی وزارتوں کے ماتحت 100 سے زائد محکموں میں بھرتیاں کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق بھرتیوں کا عمل کل سے شروع ہوگا، مجموعی طور پر 5 ہزار آسامیوں پر مرحلہ وار تقرریاں کی جائیں گی۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور وفاقی اداروں میں صوبے کی نمائندگی بڑھانا ہے۔
ذرائع کے مطابق بھرتیوں کے عمل کو شفاف اور میرٹ کے مطابق مکمل کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں 100 سے زائد وفاقی کمیٹی ممبران اور متعلقہ حکام کو نگرانی کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وفاقی سیکرٹریز اور دیگر متعلقہ افسران پر مشتمل کمیٹیاں بلوچستان کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گی اور خود بھرتیوں کے عمل میں حصہ لیں گی تاکہ امیدواروں کی اہلیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:مولانا فضل الرحمان سے سیکیورٹی واپس لے لی گئی
وفاقی حکومت کے اس اقدام کو بلوچستان میں بے روزگاری کے خاتمے اور نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔ ہزاروں ملازمتوں کے اعلان سے صوبے کے تعلیم یافتہ اور بے روزگار نوجوانوں میں امید پیدا ہوئی ہے۔