عمران خان کو برین ہیمرج کا خطرہ: سلمان صفدر کا عدالت میں بیان
چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل ڈویژن بینچ نے اپیلوں اور بشریٰ بی بی کی میڈیکل رپورٹس طلب کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر جبکہ نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ریمارکس دیے کہ ایک اور درخواست دائر کی گئی ہے، جبکہ اب اپیلیں بھی اسی عدالت کے سامنے ہیں۔ صحت اور ملاقاتوں سے متعلق معاملات سپریم کورٹ اور آئینی عدالت میں زیر التوا ہیں، اس لیے عدالت اپیلوں کی کارروائی آگے بڑھانا چاہتی ہے۔
چیف جسٹس نے 29 جون کا عدالتی حکم نامہ طلب کیا، جس پر بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالتی ہدایت کے مطابق آرڈر پڑھ کر سنایا۔ اس دوران سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ انہوں نے جیل میں ملاقات کروانے سے متعلق یقین دہانی کرائی تھی۔ چیف جسٹس نے لطیف کھوسہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ بڑے ہیں، آج ہماری بھی سن لیں، ہم روز آپ کی سنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے کزن قاسم زمان اڈیالہ جیل سے رہا
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ وہ جیل حکام کی اطلاع پر ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے اور تقریباً 11 ماہ بعد بشریٰ بی بی جبکہ 7 ماہ بعد بانی پی ٹی آئی سے ان کی ملاقات ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پہلے انہیں صرف سزا معطلی کی درخواستوں کی پیروی کی ہدایت تھی، تاہم اب اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایات بھی مل چکی ہیں۔ پیپر بکس ابھی موصول نہیں ہوئیں، جیسے ہی یہ دستیاب ہوں گی، انہیں تیاری کے لیے کچھ وقت دیا جائے۔
سلمان صفدر نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکل کے خلاف 32 جبکہ بشریٰ بی بی کے خلاف بھی تقریباً اتنے ہی مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر التوا ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بائی بائی کیس سماعت کے اصول کے مطابق پہلے دائر ہونے والی اپیلوں کو پہلے سنا جانا چاہیے، بعد میں دائر اپیلوں کو پہلے سماعت کے لیے مقرر کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کی اپنے مؤکل سے باقاعدہ ملاقاتیں کروائی جائیں کیونکہ اب تک انہیں صرف 20، 20 منٹ ملاقات کا موقع ملا ہے۔
دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہا کہ یہ لوگ آج تک نیب کو بدنام کرتے آئے ہیں اور اب وقت مانگ رہے ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 192 تک پہنچ چکا ہے اور انہیں برین ہیمرج کا خطرہ موجود ہے۔ ان کے مطابق عمران خان کو 6 انجکشن لگ چکے ہیں جبکہ ایک انجکشن ابھی لگنا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی انہیں یہ واضح ہدایات بھی حاصل کرنا ہیں کہ وہ دونوں کی اپیلوں کی پیروی کریں گے یا کسی ایک کی جانب سے دلائل دیں گے۔ بشریٰ بی بی کے مقدمے میں نئے قانونی نکات بھی موجود ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھوں کی حالت انتہائی خراب ہے اور ان کی بینائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مناسب نہیں کہ وہ عدالت میں اپیل پر دلائل دیتے رہیں اور دوسری جانب ان کی مؤکلہ کی بینائی چلی جائے۔ اگر عدالت ضمانت دینے کے لیے تیار نہیں تو علاج کی غرض سے 6 ماہ کی ضمانت دی جا سکتی ہے۔
سلمان صفدر کے مطابق بشریٰ بی بی نے انہیں بتایا کہ چھ ماہ قبل انہیں سرجری کے لیے لے جایا گیا تھا، تاہم اب دوبارہ 15 نومبر کو ان کی آنکھ کا آپریشن کرنے کا بتایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بشریٰ بی بی کی آنکھ میں انجری بھی محسوس ہوئی۔
وکیل نے واضح کیا کہ انہوں نے تاحال دوبارہ ضمانت کی درخواست دائر نہیں کی، تاہم چار سے چھ ہفتوں کے علاج کے لیے ضمانت دی جا سکتی ہے۔
انہوں نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ بشریٰ بی بی کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں بھی جیل حکام اس معاملے کو تسلیم کر چکے ہیں اور عدالتیں ہمیشہ خواتین کے معاملات کو خصوصی اہمیت دیتی ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے مزید استدعا کی کہ جیل میں اپنے مؤکل سے ملاقات کے لیے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کا وقت مقرر کرنے کا حکم دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میدان سے وہی بھاگتے ہیں جن کا مقدمہ کمزور ہوتا ہے۔