گندم کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے بڑی خوشخبری
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے گندم کی کاشت کو فروغ دینے اور کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرنے کیلئے سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد شروع کردیا ہے۔
اس سلسلے میں محکمہ زراعت نے آئندہ 90 روز کے دوران سرکاری امور کی بروقت تکمیل اور اسکیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔
محکمہ زراعت، قیمت و رسد نے اگلے 90 روز کیلئے ہفتہ وار تعطیلات ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت محکمہ زراعت کا سیکریٹریٹ اور تمام فیلڈ دفاتر ہفتے کے روز بھی کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ زراعت کے سیکریٹری سمیت تمام متعلقہ افسران اور ملازمین اپنی ڈیوٹی پر موجود رہیں گے۔ سیکریٹریٹ کے اوقات کار صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر کیے گئے ہیں، تاکہ سبسڈی اسکیم سے متعلق امور کو تیزی سے نمٹایا جاسکے۔
حکام کے مطابق فیصلے کا مقصد مقررہ مدت کے اندر کاشتکاروں کو اعلان کردہ سبسڈی کی فراہمی اور انتظامی کارروائیوں میں تاخیر سے بچنا ہے، اس اقدام کے ذریعے متعلقہ دفاتر میں کام کی رفتار برقرار رکھنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا کہ ہفتہ وار تعطیلات ختم کرنے کے فیصلے کی خلاف ورزی کرنے والے افسران اور ملازمین کے خلاف ڈسپلنری ایکٹ 1973 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:حکومت کو فیول سبسڈی ختم کرنا پڑے گی؟
اس حوالے سے نوٹیفکیشن سیکشن افسر جنرل کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے، آئندہ 90 روز تک محکمہ زراعت کے تمام متعلقہ دفاتر معمول کے مطابق کام جاری رکھیں گے۔