خواجہ آصف کا سہیل آفریدی کو مناظرے کا چیلنج
خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خود خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کو بسانے کے سب سے بڑے حامی تھے ، اسمبلی میں ان کی تقاریر اور میڈیا کا ریکارڈ اس کا گواہ ہے۔
ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشت گردی بانی پی ٹی آئی کے دور میں آئی ، خیبرپختونخوا کی قیادت تو شہید ہونے والے شہریوں کے گھروں میں فاتحہ خوانی کے لیے جانے سے بھی انکاری ہے ، فوجی شہدا کی بات تو رہنے دیں، کیا کسی ایک سویلین شہید کے گھر بھی فاتحہ کے لیے گئے ہیں؟
یہ بھی پڑھیں: سہیل آفریدی کا لانگ مارچ شروع، گورنر راج اور ایمرجنسی مسترد
خواجہ آصف نے اپنی اس پوسٹ میں یہ بھی لکھا کہ خیبرپختونخوا کی قیادت سرکاری مال خود بھی لوٹتی ہے اور دہشت گردوں کو بھتے کی صورت میں حصہ دیتی ہے۔
وزیر دفاع نے پی ٹی آئی کے وزیر اعلیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ دہشت گردوں کے پارٹنر ہیں اور خیبرپختونخوا میں بہنے والے خون سے آپ کے ہاتھ بھی رنگے ہیں، قوم اور خدا آپ سے حساب لے گا۔